چشتیاں میں زہریلا گوشت فروخت کرنے والا گینگ گرفتار، جانوروں کو زہر دے کر سستا گوشت بیچا جاتا تھا

پنجاب کے شہر چشتیاں میں پولیس نے مضر صحت گوشت فروخت کرنے والے گینگ کے 5 قصائیوں کو گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق ملزمان لوگوں کے جانوروں کو زہر دے کر مارتے اور پھر انہیں سستے داموں خرید کر ان کا گوشت فروخت کرتے تھے۔ کارروائی کے دوران پولیس نے ملزمان کے قبضے سے وہ کیمیکل بھی برآمد کرلیا جو جانوروں کو زہر دینے کے لیے استعمال کیا جاتا تھا۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ گینگ شہر بھر میں زہریلا گوشت فروخت کرتا رہا، متعدد شہریوں کی شکایات موصول ہونے پر ڈی پی او نے خصوصی ٹیم تشکیل دی جس نے مختصر وقت میں کارروائی کرتے ہوئے تمام 5 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔اس سے قبل کراچی کے علاقے فیڈرل بی ایریا میں بھی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے مردہ مرغیوں کا گوشت سپلائی کرنے والے دو افراد کو گرفتار کیا تھا۔ کارروائی موسیٰ کالونی کے قریب ریلوے پھاٹک کے پاس ایک گودام میں کی گئی جہاں سے 80 کلو سے زائد مردہ مرغیوں کا گوشت برآمد ہوا۔ گرفتار افراد انور عرف علی بنگالی اور کمال شہر کے مختلف ہوٹلوں اور فاسٹ فوڈ پوائنٹس پر یہ گوشت سپلائی کرتے تھے۔ پولیس نے دونوں کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔