کراچی میں انوکھا واقعہ 8 افراد سکھن انویسٹی گیشن پولیس کا کنٹینر چھین کر فرار

شہرِ قائد کے ضلع ملیر میں ایک غیر معمولی واقعہ پیش آیا ہے جہاں 8 افراد سکھن انویسٹی گیشن پولیس کا ٹریلر کنٹینر چھین کر فرار ہوگئے۔ پولیس کے مطابق واقعے کی سربراہی ایس ایچ او سکھن کے پرائیویٹ بیٹر شارق چوہان کر رہا تھا۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ سکھن انویسٹی گیشن پولیس نے کارروائی کے دوران ملزمان سے کنٹینر برآمد کر لیا ہے، تاہم کنٹینر چلانے والا ڈرائیور کار سوار دیگر ملزمان کے ساتھ فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔واقعے کے بعد پولیس نے ملزم شارق چوہان سمیت 8 افراد کے خلاف سکھن انویسٹی گیشن کے کانسٹیبل عدنان خان کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا ہے۔ مدعی اہلکار کے مطابق انویسٹی گیشن سب انسپکٹر سلطان کی سربراہی میں ٹریلر کنٹینر برآمد کیا گیا تھا، تاہم تھانے میں جگہ نہ ہونے کی وجہ سے کنٹینر کو قاسم ٹاؤن کے ایک گودام میں کھڑا کیا گیا، جہاں وہ خود سیکیورٹی پر مامور تھا۔مقدمے کے متن میں کہا گیا ہے کہ رات گئے شارق چوہان سمیت 8 افراد دیوار پھلانگ کر گودام میں داخل ہوئے، پولیس اہلکار عدنان پر اسلحہ تان کر اسے یرغمال بنایا اور ٹریلر کنٹینر لے کر موقع سے فرار ہوگئے۔ پولیس نے واقعے کی مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔