بھارت کے ہریانہ میں زلزلہ، شہری خوفزدہ ہو کر گھروں سے باہر نکل آئے

بھارت کی ریاست ہریانہ کے ضلع سونی پت میں گزشتہ رات آنے والے زلزلے کے باعث شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق زلزلے کے جھٹکے رات تقریباً 1 بج کر 47 منٹ پر محسوس کیے گئے، جن کی شدت ریکٹر اسکیل پر 3.4 ریکارڈ کی گئی۔ زلزلے کا مرکز ضلع سونی پت ہی تھا، اسی وجہ سے جھٹکے واضح طور پر محسوس کیے گئے۔رپورٹس کے مطابق زلزلے کے باعث لوگ نیند سے بیدار ہوگئے اور گھبرا کر گھروں سے باہر نکل آئے۔ تاہم جھٹکے معمولی نوعیت کے تھے، اس لیے کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ماہرین کے مطابق اس شدت کے زلزلے سے عام طور پر کوئی بڑا خطرہ لاحق نہیں ہوتا، لیکن اس دوران شہری خوفزدہ ہو جاتے ہیں۔یاد رہے کہ جولائی میں بھی ہریانہ میں 3.3 شدت کا زلزلہ آیا تھا، جس کا مرکز روہتک کے قریب تھا۔ گزشتہ کچھ مہینوں میں ریاست کے مختلف حصوں میں کئی مرتبہ زلزلے آ چکے ہیں، جن کے جھٹکے اکثر دہلی-این سی آر تک بھی محسوس کیے جاتے ہیں۔ماہرین ارضیات کے مطابق دہلی-این سی آر کا علاقہ سسیمک زون 4 میں شامل ہے، جو درمیانے سے بلند خطرے والا زلزلہ زون مانا جاتا ہے۔