ایران اور امریکا کے درمیان بداعتمادی کی دیوار بلند ہے: ایرانی صدر

ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان بداعتمادی کی دیوار بہت بلند ہو چکی ہے۔غیر ملکی خبر رساں اداروں کے مطابق ایرانی صدر نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ایران انتہائی افزودہ یورینیئم سے متعلق شفاف طریقہ کار اپنانے کے لیے تیار ہے، اور اس کا ایٹمی عدم پھیلاؤ معاہدے (NPT) سے نکلنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ ایران ہمیشہ سے پرامن مقاصد کے لیے جوہری پروگرام کو آگے بڑھاتا رہا ہے اور عالمی برادری کو اعتماد میں لینے کے لیے تیار ہے۔ تاہم، امریکا کے ساتھ موجودہ حالات میں بداعتمادی سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔واضح رہے کہ اس سے ایک روز قبل صدر مسعود پزشکیان نے کہا تھا کہ اگر ایران پر مزید پابندیاں ہی عائد کی جانی ہیں تو پھر مذاکرات کا کوئی فائدہ نہیں۔