قطر اور سعودی عرب کا شام کے لیے 89 ملین ڈالر امدادی پیکج کا اعلان

سعودی عرب اور قطر نے اقوام متحدہ کے ترقیاتی پروگرام (یو این ڈی پی) کے ساتھ مل کر شام کے لیے 89 ملین ڈالر کی امداد فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اس امدادی پیکج کا مقصد شام میں عوامی خدمات کے تسلسل کو برقرار رکھنا اور سرکاری ملازمین کی تنخواہوں کی ادائیگی میں مدد کرنا ہے۔یہ مشترکہ اقدام بدھ کے روز سامنے آیا، جس کے تحت قطر فنڈ فار ڈیولپمنٹ اور سعودی فنڈ فار ڈیولپمنٹ مالی وسائل فراہم کریں گے۔رپورٹ کے مطابق فنڈز کا ایک بڑا حصہ شام میں صحت، تعلیم اور بنیادی عوامی سہولتوں کو فعال رکھنے کے لیے مختص کیا جائے گا۔ امداد کا دوسرا مقصد سرکاری ملازمین کی تنخواہوں کا جزوی بوجھ اٹھا کر نظام کو جاری رکھنا ہے۔یاد رہے کہ اس سے قبل اپریل میں سعودی عرب اور قطر نے شام کے ورلڈ بینک کے واجب الادا ایک کروڑ پچاس لاکھ ڈالر کے بقایا جات کی ادائیگی کے لیے بھی تعاون کیا تھا، جبکہ مئی میں دونوں ممالک نے شام میں سرکاری ملازمین کے لیے مالی مدد فراہم کرنے کا عندیہ دیا تھا۔