سعودی عرب میں گزشتہ روز مکہ مکرمہ سمیت مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارش ہوئی۔ مسجد الحرام میں موجود عمرہ زائرین نے بارش کے دوران نماز ادا کی اور طواف سمیت دیگر عبادات میں مصروف رہے۔سعودی خبر رساں ادارے کے مطابق بارش کے دوران طواف کی مناظر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہیں، جن میں زائرین کو خوشی اور عقیدت کے ساتھ عبادات میں مشغول دیکھا جا سکتا ہے۔واضح رہے کہ سعودی جنرل ڈائریکٹوریٹ آف سول ڈیفنس نے پہلے ہی مملکت کے کئی علاقوں میں جمعرات تک بارش کا الرٹ جاری کیا تھا۔ جاری کردہ بیان میں کہا گیا تھا کہ مکہ مکرمہ ریجن درمیانے درجے سے شدید بارش کی زد میں رہے گا جبکہ سیلابی صورتحال، ژالہ باری اور گرد آلود ہواؤں کے امکانات بھی موجود ہیں۔