سعودی عرب کا 95 واں یومِ الوطنی: مسافروں کے پاسپورٹس پر خصوصی مہر اور یادگاری تحائف

ریاض: سعودی وزارتِ داخلہ نے مملکت کے 95 ویں یومِ الوطنی کو یادگار بنانے کے لیے مسافروں کے پاسپورٹس پر خصوصی مہر لگانے کا اعلان کیا ہے۔سعودی خبر رساں ادارے کے مطابق، مملکت کے تمام ایئرپورٹس، بندرگاہوں اور بری سرحدی چوکیوں پر محکمہ پاسپورٹ کے افسران مسافروں کے پاسپورٹس پر یومِ الوطنی کا خصوصی سلوگن ’عزتاً بطبعنا‘ (ہماری فطرت ہی ہمارا فخر ہے) ثبت کر رہے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی مسافروں کو یادگاری تحائف اور پھول بھی پیش کیے جا رہے ہیں۔رپورٹس کے مطابق، سعودی عرب بھر میں یوم الوطنی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ دارالحکومت ریاض سمیت مملکت کے تمام شہروں کی شاہراہوں، گلیوں اور بازاروں کو قومی پرچموں اور سبز روشنیوں سے سجا دیا گیا ہے۔یومِ الوطنی ہر سال 23 ستمبر کو منایا جاتا ہے، جو مملکت کے قیام کی یاد دلاتا ہے۔ 1932 میں شاہ عبدالعزیز بن عبدالرحمن آل سعود نے سعودی عرب کی بنیاد رکھی تھی، اور تب سے یہ دن قومی یکجہتی، فخر اور حب الوطنی کی علامت کے طور پر منایا جا رہا ہے۔