مانچسٹر: باکسنگ کی دنیا کے مقبول ترین فائٹرز میں شمار ہونے والے سابق برطانوی ورلڈ چیمپیئن رکی ہیٹن 46 سال کی عمر میں چل بسے۔ورلڈ باکسنگ ایسوسی ایشن (WBA) نے ہیٹن کے انتقال کی تصدیق کی ہے جبکہ گریٹر مانچسٹر پولیس کے مطابق اتوار کی صبح ہائیڈ (Hyde) میں ایک مکان سے ان کی لاش ملی۔ پولیس نے کہا ہے کہ واقعے کو فی الحال مشکوک نہیں سمجھا جا رہا، تاہم مکمل وجوہات جاننے کے لیے مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں۔’ہٹ مین‘ کے نام سے شہرت پانے والے رکی ہیٹن نے اپنے شاندار کیریئر میں 48 فائٹس میں سے 45 میں کامیابی حاصل کی۔ وہ WBA، IBO اور IBF لائٹ ویلٹر ویٹ ٹائٹلز کے ساتھ ساتھ WBA ویلٹر ویٹ ٹائٹل بھی جیت چکے تھے۔ ان کی سب سے یادگار فتح 2005 میں آسٹریلوی باکسر کوستیا زو (Kostya Tszyu) کے خلاف تھی، جس کے بعد وہ عالمی سطح پر باکسنگ کے بڑے ناموں میں شمار ہونے لگے۔ہیٹن نے 2012 میں باکسنگ کو خیر باد کہا تھا، تاہم حالیہ برس وہ دبئی میں ایک نمائشی فائٹ کے لیے واپسی کی تیاری کر رہے تھے۔ریٹائرمنٹ کے بعد رکی ہیٹن کئی مرتبہ ذہنی دباؤ، شراب نوشی اور منشیات کے مسائل کا شکار رہے اور انہوں نے خود بھی اعتراف کیا تھا کہ وہ ان مشکلات کی وجہ سے کئی بار ٹوٹ کر رہ گئے۔ 2016 میں دیے گئے ایک انٹرویو میں ان کا کہنا تھا کہ ’’میری زندگی شراب نوشی کی وجہ سے پٹری سے اتر گئی تھی اور اسی نے مجھے نشے کی طرف دھکیل دیا۔‘‘رکی ہیٹن کی اچانک وفات پر باکسنگ کی دنیا صدمے میں ہے۔ ساتھی کھلاڑیوں اور مداحوں نے ان کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ہمیشہ باکسنگ کے ایک بہادر اور دلیر فائٹر کے طور پر یاد رکھے جائیں گے۔