پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم نے پاک بھارت میچ سے قبل مردوں کی ٹیم کو نیک خواہشات اور حمایت دی

دنیائے کرکٹ کے دو سب سے بڑے حریف، پاکستان اور بھارت، آج ٹی20 ایشیا کپ کے گروپ اے کے میچ میں آمنے سامنے ہوں گے۔ میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام ساڑھے 7 بجے دبئی میں شروع ہوگا، جہاں نہ صرف کھلاڑی بلکہ شائقین بھی بے حد پرجوش ہیں۔اس ہائی وولٹیج مقابلے سے قبل پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کے کوچ اور پلیئرز نے قومی مردوں کی ٹیم کے لیے دلی حمایت اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کے کوچ محمد وسیم نے کہا:”پاک بھارت بڑا میچ ہے، ہمیں بھی انتظار ہے، پاکستان ٹیم کے لیے نیک تمنائیں۔ پاکستان نے ٹرائی نیشن سیریز میں اچھی کرکٹ کھیلی ہے اور ہمیں امید ہے کہ پاکستان انڈیا کے خلاف بھی اچھا کھیلے گا۔”آل راؤنڈر عالیہ ریاض نے مردوں کی ٹیم کو جذبے اور فخر کے ساتھ کھیلنے کی ترغیب دیتے ہوئے کہا:”بوائز ٹیم کو بیسٹ آف لک، اچھا کھیلیں اور ملک کا نام روشن کریں۔”قومی ویمن ٹیم کی ٹاپ آرڈر بلے باز ایمان فاطمہ نے بھی قومی ٹیم کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور کہا:”ہماری پاکستان ٹیم کو ہماری طرف سے بیسٹ وشس اور گڈ لک۔ قومی کھلاڑی اچھا کھیلیں اور جیتیں۔”پاکستانی کرکٹ شائقین امید کر رہے ہیں کہ قومی ٹیم اس اعتماد اور حمایت کے ساتھ بھارت کے خلاف بہترین کارکردگی دکھائے گی۔