دوحہ: سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے خطے میں اسرائیلی حملوں کو مسترد کرتے ہوئے ان کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے۔غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق سعودی ولی عہد نے شوریٰ کونسل کے سالانہ اجلاس سے خطاب میں کہا کہ اسرائیلی حملوں میں برادر ملک قطر پر حالیہ حملہ بھی شامل ہے، جس کی ہم بھرپور مذمت کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سعودی عرب قطر کے ساتھ ہے اور اس کی جانب سے اٹھائے جانے والے ہر اقدام میں مکمل حمایت فراہم کرے گا، جس کے لیے تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائی جائیں گی۔سعودی ولی عہد نے مزید کہا کہ غزہ فلسطینی سرزمین ہے اور وہاں کے عوام کا حق کسی طرح چھینا نہیں جا سکتا۔ اس سلسلے میں وہ آج دوحہ جا کر امیر قطر سے ملاقات کریں گے۔دوسری جانب اسرائیل نے جارحیت میں شدت پیدا کر دی ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اسرائیل نے چھ ممالک کو نشانہ بنایا، جن میں قطر، غزہ، یمن، شام، لبنان اور تیونس شامل ہیں۔ اسرائیلی بمباری میں غزہ میں 70 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں، جن میں بچے بھی شامل ہیں۔غزہ شہر کے ایک کیمپ پر حملے میں بچوں سمیت تین فلسطینی شہید ہوئے۔ اس کے باوجود اسرائیلی صدر آئزک ہرزوگ نے کہا کہ اسرائیل امن چاہتا ہے اور ڈیل کے لیے تیار ہے۔لندن میں برطانوی وزیراعظم سے ملاقات کے دوران اسرائیلی صدر کی جانب سے قطر پر حملے کا دفاع کیا گیا، جس کے خلاف مظاہرے بھی ہوئے۔ مظاہرین نے اسرائیلی صدر کو نسل کشی کا مرتکب قرار دیتے ہوئے فوری گرفتاری اور جنگی جرائم کی تحقیقات کا مطالبہ کیا۔