“خیبرپختونخوا میں انٹیلی جنس آپریشن، 19 بھارتی حمایت یافتہ خوارج ہلاک”

راولپنڈی: پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے بتایا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے اضلاع مہمند، شمالی وزیرستان اور بنوں میں کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیوں کے دوران 19 بھارتی حمایت یافتہ خوارج کو ہلاک کر دیا ہے۔آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق یہ تمام دہشت گرد بھارتی سرپرست گروہ ’’فتنہ الخوارج‘‘ سے تعلق رکھتے تھے اور مقامی آبادی سمیت مختلف دہشت گردانہ سرگرمیوں میں ملوث تھے۔ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ 9 اور 10 ستمبر کو تین الگ الگ کارروائیاں کی گئیں:مہمند، گلونو: آپریشن کے دوران دشمن کے ٹھکانے کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں 14 خوارج ہلاک ہوئے۔شمالی وزیرستان، دتہ خیل: فائرنگ کے تبادلے میں 4 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔بنوں: ایک خارجی دہشت گرد کو ہلاک کیا گیا۔کارروائیوں میں دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔ آئی ایس پی آر نے کہا کہ علاقے میں موجود کسی بھی خارجی کے خاتمے کے لیے سینیٹائزیشن اور کلیئرنس آپریشنز جاری ہیں۔پاک فوج کے ترجمان نے واضح کیا کہ بھارتی سرپرست دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے افواجِ پاکستان پرعزم ہیں اور دہشت گردوں کے خلاف جنگ کو انجام تک پہنچایا جائے گا۔دوسری جانب وزیراعظم نے مہمند، شمالی وزیرستان اور بنوں میں کامیاب آپریشنز پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ دہشت گردی کی لعنت کے مکمل خاتمے تک جنگ جاری رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے ناپاک عزائم خاک میں ملانے کے لیے دن رات مصروف ہے اور پوری قوم افواجِ پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے۔