ایران اور آئی اے ای اے میں تعاون بحال، جوہری تنصیبات کے معائنے پر معاہدہ

قاہرہ (مانیٹرنگ ڈیسک) ایران اور اقوام متحدہ کے جوہری نگران ادارے (آئی اے ای اے) کے درمیان تعاون کی بحالی کا معاہدہ طے پا گیا۔بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی اور آئی اے ای اے کے ڈائریکٹر جنرل رافیل گروسی نے مصر میں اس معاہدے پر دستخط کیے۔ معاہدے میں ایران کی جوہری تنصیبات کے معائنے کی بحالی بھی شامل ہے، تاہم مزید تفصیلات فی الحال جاری نہیں کی گئیں۔یہ معاہدہ مصر کے وزیر خارجہ بدر عبدالعاطی، ایرانی وزیر خارجہ اور آئی اے ای اے کے ڈائریکٹر جنرل کے درمیان ملاقات کے بعد سامنے آیا۔مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے رافیل گروسی نے کہا کہ “یہ معاہدہ تکنیکی نوعیت کا ہے اور یہ درست سمت میں اٹھایا گیا قدم ہے۔”یاد رہے کہ حالیہ دنوں میں آئی اے ای اے کے ڈائریکٹر جنرل نے بیان دیا تھا کہ ایجنسی کو توقع ہے کہ وہ چند دنوں میں ایرانی حکام کے ساتھ ملک میں اپنی مکمل کارروائیوں کو دوبارہ شروع کرنے کے حوالے سے ایک معاہدے تک پہنچ جائے گی۔