رانا ثنا اللہ پنجاب سے سینیٹ کی جنرل نشست پر کامیاب، اپوزیشن نے بائیکاٹ کیا

لاہور: پنجاب سے سینیٹ کی جنرل نشست پر وزیراعظم کے مشیر اور مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما رانا ثنا اللہ نے کامیابی حاصل کر لی۔اے آر وائی نیوز کے مطابق پنجاب اسمبلی میں آج پولنگ کا عمل مکمل ہوا۔ گنتی کے بعد ریٹرننگ افسر نے اعلان کیا کہ حکومتی اتحاد کے امیدوار رانا ثنا اللہ نے 250 ووٹ حاصل کیے، جبکہ ایک ووٹ مسترد ہوا۔ کامیابی کے لیے امیدوار کو 181.5 ووٹ درکار تھے۔غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق رانا ثنا اللہ نے واضح برتری کے ساتھ کامیابی حاصل کی۔ پنجاب اسمبلی کے 371 اراکین پر مشتمل ایوان میں اس وقت صرف 363 ارکان ہیں، کیونکہ 8 نشستیں خالی ہیں۔سینیٹ کے اس انتخاب میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے سلمیٰ اعجاز امیدوار تھیں، تاہم پولنگ سے قبل پی ٹی آئی نے بائیکاٹ کا اعلان کر دیا۔ ڈپٹی اپوزیشن لیڈر معین قریشی نے واضح کیا تھا کہ کوئی بھی رکن ووٹ کاسٹ کرے گا تو وہ پارٹی پالیسی کی خلاف ورزی کا مرتکب ہوگا۔ کاغذات نامزدگی واپس لینے کا وقت گزر جانے کے باعث بائیکاٹ کے باوجود امیدوار کا نام بیلٹ پیپر پر موجود رہا۔یہ نشست پی ٹی آئی کے اعجاز احمد چوہدری کی 9 مئی کیس میں سزا کے بعد نااہلی کے باعث خالی ہوئی تھی۔ایوان کی موجودہ صورتحال کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے پاس 229، پیپلز پارٹی کے 16، آئی پی پی کے 7 اور مسلم لیگ (ق) کے 11 ارکان ہیں۔ اپوزیشن میں سنی اتحاد کونسل کے 73 اور پی ٹی آئی کے 24 ووٹ شامل ہیں، جبکہ تحریک لبیک، مسلم لیگ ضیا اور مجلس وحدت المسلمین کے پاس ایک ایک ووٹ ہے۔