غزہ سٹی میں اسرائیلی زمینی کارروائی، فلسطینیوں کو شہر خالی کرنے کا حکم

غزہ سٹی میں اسرائیل نے زمینی فوج کو اتار دیا ہے اور فلسطینی رہائشیوں کو شہر خالی کرنے کا حکم جاری کیا ہے۔ بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے دھمکی دی ہے کہ غزہ میں 50 اونچی عمارتیں گرانا محض کارروائی کا آغاز ہے اور اصل آپریشن ابھی شروع ہو رہا ہے۔نیتن یاہو کا کہنا تھا کہ اسرائیل کی فضائیہ نے غزہ سٹی کی بلند عمارتوں پر حملے کیے ہیں تاکہ آئندہ زمینی کارروائی کی تیاری کی جا سکے۔ انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ جلد از جلد شہر چھوڑ دیں تاکہ ممکنہ خطرات سے محفوظ رہ سکیں۔اسرائیلی فوج کے مطابق یہ کارروائی اگلے برس تک جاری رہے گی اور اس میں ایک لاکھ 30 ہزار ریزرو فوجی بھی حصہ لیں گے۔غزہ پر جاری اسرائیلی بربریت کے سبب مزید 50 سے زائد فلسطینی شہید ہو گئے ہیں، جبکہ مقامی ذرائع کے مطابق زخمیوں کی تعداد بھی مسلسل بڑھ رہی ہے۔ فلسطینی ادارے اور انسانی حقوق کی تنظیمیں اس کارروائی کی شدید مذمت کر رہی ہیں اور بین الاقوامی کمیونٹی سے فوری مداخلت کا مطالبہ کر رہی ہیں۔واضح رہے کہ اکتوبر 2023 سے اب تک غزہ میں اسرائیلی فوج کی کارروائیوں میں کم از کم 64,522 فلسطینی شہید اور 163,096 زخمی ہو چکے ہیں۔ اسرائیلی دھماکوں اور فائرنگ سے ملبے تلے دبے ہوئے شہریوں کی تعداد بھی سینکڑوں میں ہو سکتی ہے۔