غزہ میں اسرائیلی بربریت جاری، مزید 52 فلسطینی شہید، قابض فوج نے زمینی کارروائی بھی شروع کر دی

غزہ: اسرائیلی فوج کی جانب سے غزہ میں خون ریز کارروائیاں جاری ہیں، جس کے نتیجے میں مزید 52 فلسطینی شہید اور کئی زخمی ہو گئے ہیں۔عرب خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق قابض فوج نے رہائشی عمارتوں اور پناہ گزین کیمپوں کو نشانہ بنایا۔ 7 اکتوبر 2023 سے اب تک اسرائیلی بربریت کے نتیجے میں مجموعی طور پر 64,522 فلسطینی شہید اور 163,096 زخمی ہو چکے ہیں۔مقبوضہ بیت المقدس میں فائرنگ کے نتیجے میں 6 اسرائیلی ہلاک ہونے کے بعد اسرائیلی فوج نے مغربی کنارے میں سخت آپریشن شروع کر دیا ہے۔ جنین کیمپ میں نام نہاد سرچ آپریشن کے دوران دو 14 سالہ فلسطینی نوجوانوں کو شہید کر دیا گیا، جبکہ متعدد فلسطینی زخمی بھی ہوئے۔غزہ سٹی میں اسرائیل نے زمینی فوج اتار دی اور شہریوں کو شہر خالی کرنے کا حکم جاری کیا ہے۔ اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے دھمکی دی کہ غزہ میں 50 بلند عمارتیں گرانا صرف آغاز ہے اور اصل آپریشن ابھی شروع ہوا ہے۔انہوں نے رہائشیوں سے کہا کہ وہ جلد از جلد شہر چھوڑیں تاکہ ممکنہ خطرات سے محفوظ رہ سکیں، جبکہ اسرائیلی وزیر دفاع نے بھی غزہ کو صفحہ ہستی سے مٹانے کی دھمکی دی ہے۔