ایشیا کپ 2025 کا باقاعدہ آغاز آج سے متحدہ عرب امارات میں ہورہا ہے۔ ایونٹ کا افتتاحی میچ ہانگ کانگ اور افغانستان کے درمیان دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جا رہا ہے۔ایشیا کپ کی ٹرافی کی رونمائی بھی دبئی میں کی گئی جس میں تمام ٹیموں کے کپتان شریک ہوئے، تقریب میں ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے صدر محسن نقوی بھی موجود تھے۔ اس موقع پر ٹیموں کے کپتانوں نے میڈیا سے گفتگو کی، جہاں ان کی مسکراہٹیں اور باڈی لینگویج صحافیوں کی توجہ کا مرکز بنی رہیں پریس کانفرنس میں ایک صحافی نے پاکستان کے کپتان سلمان علی آغا اور بھارتی ٹیم کے کپتان سوریا کمار یادو سے سوال کیا کہ پاک بھارت ہائی وولٹیج میچ کے دوران کھلاڑیوں کو جذباتی انداز میں کھیلنے سے روکنے کی کوئی ہدایت دی گئی ہے؟ اس سوال کے جواب میں سلمان علی آغا نے کہا کہ کھلاڑیوں کو جارحانہ انداز سے کھیلنے سے نہیں روکا گیا، ہم اپنی گیم پر توجہ رکھیں گے اور ہمارے فاسٹ بولرز کا انداز ویسے ہی جارحانہ ہے۔ بھارتی کپتان سوریا کمار یادو نے جواب دیا کہ جوش تو لازمی ہوتا ہے مگر ہم ہر میچ میں جارحانہ کرکٹ ہی کھیلتے ہیں۔ پاکستانی کپتان نے مزید کہا کہ سہ ملکی سیریز میں ٹیم نے بہترین کارکردگی دکھائی ہے، دبئی میں کھیلنے کا تجربہ بھی ہے، اس لیے ایشیا کپ میں ہر چیلنج کا بھرپور اعتماد کے ساتھ سامنا کریں گے۔واضح رہے کہ ایشیا کپ 2025 ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ کے تحت کھیلا جا رہا ہے۔ اس سے قبل 2016 اور 2022 کے ایڈیشنز بھی ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں منعقد کیے گئے تھے۔