بھارت: کریم نگر اسپتال میں بخار کی مریضہ سے نرس کی مبینہ زیادتی

کریم نگر (بھارت): بھارتی ریاست تلنگانہ کے ضلع کریم نگر میں افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے جہاں ایک اسپتال میں زیرِ علاج لڑکی کو ڈیوٹی پر موجود میل نرس نے مبینہ طور پر جنسی زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق متاثرہ لڑکی کا تعلق جگتیال سے ہے، جسے شدید بخار کی شکایت پر ہفتہ کی رات والدہ کے ہمراہ کریم نگر کے ایک اسپتال لایا گیا تھا۔ ایمرجنسی وارڈ میں ابتدائی علاج کے بعد اسے اسپتال میں داخل کر لیا گیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ اسی دوران لڑکی کی والدہ قریبی ویٹنگ ہال میں آرام کے لیے جا سوئی، جبکہ ڈیوٹی پر موجود ایک میل نرس نے مبینہ طور پر لڑکی کو نشہ آور انجکشن دیا اور اس کے بعد زیادتی کا نشانہ بنایا۔متاثرہ لڑکی کے ہوش میں آنے پر اُس نے اپنی والدہ کو ساری روداد بتائی۔ والدہ نے فوری طور پر اسپتال انتظامیہ سے جواب طلب کیا اور بعد میں پولیس کو اطلاع دی۔ پولیس نے متاثرہ لڑکی کو میڈیکل ٹیسٹ کے لیے بھیج دیا ہے جبکہ اسپتال کے سی سی ٹی وی فوٹیج کا بھی تفصیلی جائزہ لیا جا رہا ہے۔کریم نگر تھری ٹاؤن پولیس اسٹیشن میں متاثرہ کی شکایت پر مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق ملزم نرس کو پہلے ہی حراست میں لے لیا گیا ہے اور اس کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔ مزید تحقیقات بھی جاری ہیں۔