پاکستان کی فتح افغان کوچ کیلئے مایوسی کا سبب، کپتان سلمان علی آغا نے جیت سیلاب متاثرین کے نام کردی

شارجہ میں کھیلی جانے والی سہ فریقی ٹی 20 سیریز کے فائنل میں پاکستان نے افغانستان کو 75 رنز سے شکست دے کر ٹرافی اپنے نام کر لی۔میچ کے بعد افغان ٹیم کے کوچ جوناتھن ٹروٹ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ فائنل نہ جیتنے پر مایوسی ہوئی ہے، تاہم پاکستان کو کریڈٹ جاتا ہے جس نے شاندار بولنگ کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان نے فائنل میں بہتر کھیل پیش کیا، ایشیا کپ سے قبل ہمیں کھیل میں بہتری لانا ہوگی، امید ہے کہ ابوظہبی میں افغان ٹیم اچھا کھیلے گی۔افغان کوچ کا یہ بھی کہنا تھا کہ پورے ٹورنامنٹ میں ریویو سسٹم موجود نہیں تھا، تاہم ہم نے کوئی شکایت نہیں کی۔ ان کے مطابق اسپنرز کے لیے پچز زیادہ مفید رہیں اور زیادہ تر میچز میں پہلے بیٹنگ کرنے والی ٹیم کامیاب رہی۔دوسری جانب قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا نے جیت کو سیلاب متاثرین کے نام کرتے ہوئے کہا کہ مشکل گھڑی میں ہم سب کو ایک ہو کر اپنے بہن بھائیوں کی مدد کرنی چاہیے۔انہوں نے اور فاسٹ بالر شاہین شاہ آفریدی نے اعلان کیا کہ سیریز کی میچ فیس فلڈ ریلیف فنڈ میں دی جائے گی۔ شاہین آفریدی کا کہنا تھا کہ وطن کی مٹی ہم سے تقاضا کر رہی ہے کہ ہم سیلاب متاثرین کی مدد کریں، پوری قوم کو چاہیے کہ ریلیف فنڈ میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے۔