ظفر وال: نالہ ڈیک سے 5 اینٹی ٹینک مائنز برآمد

نارووال: تحصیل ظفر وال میں نالہ ڈیک کے مختلف مقامات سے ایک ہی دن میں 5 اینٹی ٹینک مائنز برآمد ہوئیں۔اے آر وائی نیوز کے مطابق، حالیہ طوفانی بارشوں اور سیلابی ریلوں کے باعث مائنز مختلف علاقوں میں بہہ آئیں۔ واقعے کی اطلاع مقامی افراد نے پولیس کو دی جس کے بعد بم ڈسپوزل اسکواڈ (بی ڈی ایس) اور سول ڈیفنس کی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر کارروائی کی اور تمام مائنز کو ناکارہ بنا دیا۔بی ڈی ایس کے مطابق، برآمد ہونے والی مائنز بھارتی ساختہ ہیں اور خدشہ ہے کہ یہ بھارت کی جانب سے چھوڑے گئے سیلابی پانی کے ساتھ پاکستان کی حدود میں داخل ہوئیں۔