کراچی: شہر قائد میں کالے بادل چھا گئے اور مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش شروع ہوگئی ہے جبکہ محکمہ موسمیات نے آئندہ دنوں میں طوفانی بارش اور اربن فلڈنگ کی پیشگوئی کی ہے۔بارش شروع ہونے والے علاقے:سپر ہائی وے گلشن حدید ملیر کاٹھور اور اطراف کے علاقے بارش اور ٹھنڈی ہواؤں کے باعث گرمی کی شدت ٹوٹ گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بارش برسانے والا سسٹم کراچی کے مشرقی حصے سے داخل ہورہا ہے اور کچھ دیر میں پورے شہر کو اپنی لپیٹ میں لے لے گا۔محکمہ موسمیات کی پیشگوئی:کراچی میں 9 ستمبر تک شدید اور طوفانی بارشیں جاری رہیں گی۔کراچی اور حیدرآباد کے نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خطرہ ہے۔پنجاب کے سیلاب متاثرہ علاقوں میں مزید بارش سے صورتحال خراب ہوسکتی ہے۔ڈی جی خان اور مشرقی بلوچستان میں برساتی ندی نالوں میں طغیانی جبکہ مری، گلیات، کشمیر اور بالائی خیبرپختونخوا میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔حکام نے خبردار کیا ہے کہ شدید بارشوں سے کمزور مکانات، بجلی کے کھمبوں اور بل بورڈز کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ ماہ ہونے والی طوفانی بارش کے بعد کراچی شہر دریا کا منظر پیش کرنے لگا تھا، کئی علاقے دنوں تک پانی میں ڈوبے رہے اور شہری شدید مشکلات کا شکار ہوئے۔