کراچی سمیت سندھ میں مون سون بارشوں کا نیا اسپیل، اربن فلڈنگ کا خدشہ

کراچی: محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ آج شام سے کراچی اور سندھ کے دیگر اضلاع میں مون سون کا نیا اسپیل اثر انداز ہوگا۔محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کے مضافات میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے جبکہ یہ سلسلہ 9 ستمبر تک وقفے وقفے سے جاری رہے گا۔ بارش کا نیا اسپیل 11 ستمبر تک سندھ کے مختلف علاقوں کو متاثر کرسکتا ہے۔محکمہ موسمیات نے بتایا کہ شہر کی فضاؤں میں کم دباؤ شدت اختیار کر کے ڈپریشن میں تبدیل ہوگیا ہے جبکہ بارش برسانے والا سسٹم اس وقت بھارت کے جنوب مغربی راجستھان پر موجود ہے۔ اس سسٹم کے زیرِ اثر سندھ میں مضبوط مون سون ہوائیں داخل ہورہی ہیں۔رپورٹ کے مطابق تھرپارکر، عمرکوٹ، میرپورخاص، سانگھڑ، خیرپور، شہید بینظیر آباد، دادو اور مٹیاری میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ اسی طرح ٹنڈو محمد خان، ٹنڈوالہ یار، حیدرآباد، ٹھٹہ، بدین، سجاول اور جامشورو میں بھی بارش ہوسکتی ہے۔مزید برآں شکارپور، کشمور، سکھر، جیکب آباد اور گھوٹکی کے اضلاع میں بھی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ کراچی، ٹھٹہ، بدین، سجاول اور حیدرآباد کے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کا خدشہ ہے جبکہ میرپورخاص، شہید بینظیر آباد، تھرپارکر، خیرپور، سکھر اور لاڑکانہ میں اربن فلڈنگ کا خطرہ موجود ہے۔