کراچی: محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ کراچی سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں کل سے موسلا دھار بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہوگا، جو 6 سے 9 ستمبر تک جاری رہے گا۔محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں متعدد مقامات پر تیز بارش اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے، جب کہ حیدرآباد، ٹھٹھہ، بدین اور سجاول میں بھی موسلا دھار بارش کا امکان ہے۔ اسی طرح تھرپارکر، عمرکوٹ، میرپورخاص، سانگھڑ اور خیرپور میں بھی بارشیں برسنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ادھر پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے مون سون بارشوں کے دسویں اسپیل کا الرٹ جاری کردیا ہے۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق 6 سے 9 ستمبر تک پنجاب کے بیشتر اضلاع میں شدید بارشوں کی پیش گوئی ہے۔پی ڈی ایم اے نے بتایا کہ راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، گوجرانوالہ، لاہور، گجرات اور سیالکوٹ سمیت مختلف شہروں میں بارشیں متوقع ہیں۔مزید برآں، 7 سے 9 ستمبر کے دوران ڈیرہ غازی خان کے پہاڑی علاقوں میں فلیش فلڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے، جس پر ادارے نے صوبے کے تمام کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کردی ہیں۔محکمہ موسمیات نے عوام کو مشورہ دیا ہے کہ بارشوں کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور نشیبی علاقوں میں رہنے والے مکین حفاظتی اقدامات ضرور کریں۔