یمن: حوثیوں نے امریکا و اسرائیل کی جاسوسی کے شبہے میں اقوام متحدہ کے 11 اہلکار گرفتار کر لیے

صنعا سے موصولہ رپورٹ کے مطابق یمن کے حوثی باغیوں نے امریکا اور اسرائیل کے لیے جاسوسی کے شبہے میں اقوام متحدہ کے 11 اہلکاروں کو گرفتار کر لیا ہے۔بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق یہ گرفتاریاں اس ہفتے کے اوائل میں اسرائیلی فضائی حملے کے بعد کی گئیں، جس میں انصار اللہ سے تعلق رکھنے والے حوثی وزیرِاعظم احمد غالب اور ان کی کابینہ کے 9 وزراء شہید ہو گئے تھے۔حوثی عہدیداروں نے الزام عائد کیا کہ گرفتار کیے گئے اقوام متحدہ کے ملازمین امریکی اور اسرائیلی جارحیت میں مددگار ثابت ہو سکتے تھے۔واضح رہے کہ وزیراعظم احمد غالب کو گزشتہ ہفتے صنعا کے جنوبی علاقے حدا میں ان کے گھر پر اسرائیلی بمباری میں ہلاک کر دیا گیا، اس حملے میں ان کے 3 ساتھی بھی شہید ہوئے۔ انصاراللہ نے گزشتہ سال 10 اگست کو احمد غالب کو وزیراعظم مقرر کیا تھا اور وہ حوثیوں کی سپریم سیاسی کونسل کے رکن بھی تھے۔