ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو پر فلسطین میں ظلم و ستم کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ترکیہ اس پر خاموش نہیں رہے گا۔
انقرہ میں میلاد النبی ﷺ ہفتہ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اردوان نے کہا کہ فلسطین، یمن، سوڈان اور افغانستان میں مسلمانوں کے زخم مسلسل لہو لہو ہیں اور اسلامی دنیا کے تمام مسلمانوں کو ایک جسم کا حصہ سمجھتے ہیں۔ انہوں نے مسلم امہ کے اتحاد اور یکجہتی پر زور دیا اور کہا کہ ظلم و ناانصافی کے باوجود مایوس نہیں ہوں گے۔
اقوام متحدہ کی کمیٹی برائے معذور کی حالیہ رپورٹ کے مطابق اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں اب تک تقریباً 21 ہزار فلسطینی بچے مستقل معذور ہو چکے ہیں جبکہ 40 ہزار 500 سے زائد بچے زخمی ہوئے ہیں۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ فلسطینی خاندان اکثر اچانک انخلا پر مجبور کیے جاتے ہیں اور معذوری کے شکار افراد کے لیے یہ صورتحال اور بھی تکلیف دہ بن جاتی ہے۔