اسلام آباد (اے پی پی): فلکیات کے شوقین افراد کے لیے خوشخبری ہے کہ آنے والے اتوار کی رات مکمل چاند گرہن لگے گا، جو پاکستان سمیت ایشیا کے مختلف ملکوں میں دیکھا جا سکے گا۔تفصیلات کے مطابق مکمل چاند گرہن رات 10 بج کر 30 منٹ سے 11 بج کر 52 منٹ تک پاکستان میں واضح طور پر نظر آئے گا، جبکہ ایشیا، یورپ اور افریقہ کے کئی ممالک میں بھی یہ آسمانی منظر دیکھا جا سکے گا۔چاند گرہن کے دوران چاند کا رنگ سرخی مائل ہو جائے گا، جسے عام طور پر ”بلڈ مون“ کہا جاتا ہے۔ یہ منظر اس وقت پیدا ہوتا ہے جب سورج، زمین اور چاند ایک سیدھ میں آ جاتے ہیں اور زمین کا سایہ چاند پر پڑتا ہے۔ماہرین کے مطابق روشنی کی نیلی شعاعیں سرخ کے مقابلے میں زمین کے ماحول سے آسانی سے منتشر ہو جاتی ہیں، اسی لیے چاند گرہن کے دوران چاند خون کی طرح سرخ دکھائی دیتا ہے۔برطانیہ میں یہ گرہن شام 5:30 سے 6:52 بجے تک دیکھا جا سکے گا، یورپ اور افریقہ کے کچھ حصوں میں جزوی گرہن نظر آئے گا، جبکہ امریکا کے بیشتر علاقے اس سے محروم رہیں گے۔یاد رہے کہ رواں سال مارچ میں آخری مکمل چاند گرہن دیکھا گیا تھا، جبکہ اگلا بڑا اور نایاب مکمل سورج گرہن 12 اگست 2026 کو یورپ کے بعض حصوں میں نظر آئے گا۔