کیلیفورنیا: سائیکل چور کا فلمی انداز میں تعاقب، پولیس نے رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا

کیلیفورنیا (مونرویہ): مونرویہ پولیس نے ایک مبینہ سائیکل چور کو فلمی انداز میں تعاقب کے بعد گرفتار کرلیا، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوگئی۔واقعہ گزشتہ منگل کی شام پیش آیا، جس کی ڈیش کیم ویڈیو بھی جاری کی گئی ہے۔ ویڈیو میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ پولیس افسر ملزم کے پیچھے دوڑ رہا ہے۔پولیس حکام کے مطابق حالیہ دنوں میں متعدد شہریوں نے شکایت درج کرائی تھی کہ ایک لڑکا گھروں کی باڑھیں پھلانگ کر اندر گھسنے کی کوشش کر رہا ہے۔ اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچی۔اس دوران ملزم نے ایک گھر سے سائیکل چرائی اور مونرویہ ہائی اسکول کے کیمپس میں داخل ہوگیا۔ پولیس اہلکار اس کا تعاقب کرتے رہے۔ پولیس کو دیکھ کر ملزم نے سائیکل وہیں چھوڑ دی اور فرار ہونے کی کوشش کی۔ڈیش کیم فوٹیج میں یہ منظر صاف دکھائی دیتا ہے کہ ایک پولیس افسر نے برق رفتاری سے پیچھا کرتے ہوئے چند لمحوں میں ہی ملزم کو دبوچ لیا۔ بعد ازاں برآمد شدہ سائیکل اس کے اصل مالک کے حوالے کردی گئی۔