پی ڈی ایم اے پنجاب نے آئندہ 36 گھنٹے میں انتہائی خطرناک سیلاب کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔ حکام کے مطابق بھارت نے سلال ڈیم کے تمام اسپیل ویز کھول دیے ہیں اور دریائے چناب میں پانی چھوڑنے کی پیشگی وارننگ نہیں دی گئی۔ڈی جی عرفان علی کاٹھیا کا کہنا ہے کہ متعلقہ اضلاع کی انتظامیہ کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔ آئندہ دو روز میں بڑا سیلابی ریلہ ہیڈ مرالہ کے مقام تک پہنچ سکتا ہے، جس سے چناب میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بڑھنے کا خدشہ ہے۔ ڈی جی نے تمام افسران کو ہدایت کی کہ کسی بھی ناگہانی صورتحال کے لیے فیلڈ میں موجود رہیں۔ماہرین کے مطابق بھارت کی جانب سے بغیر اطلاع کے پانی چھوڑنے کے باعث صورتحال انتہائی تشویشناک ہو گئی ہے۔ سلال ڈیم کے تمام گیٹ کھلنے سے تقریباً 8 لاکھ کیوسک کا سیلابی ریلہ پاکستان میں داخل ہوگا، جو پنجاب کے بعد دریائے سندھ میں جا گرے گا۔محکمہ موسمیات نے بھی الرٹ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں جاری شدید بارشوں کے باعث دریاؤں اور ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ ہے۔ خاص طور پر ستلج، بیاس، راوی اور چناب میں اونچے سے انتہائی اونچے درجے کے سیلاب کا امکان ہے۔محکمے کے مطابق 1 سے 3 ستمبر کے دوران لاہور، گوجرانوالہ اور گجرات ڈویژن میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے اور وسطی و شمالی پنجاب میں بھاری سے انتہائی تیز بارشیں متوقع ہیں۔ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ محتاط رہیں اور حکومتی ہدایات پر عمل کریں۔