ٹک ٹاکر ثنا یوسف قتل کیس: پولیس چالان میں عمر حیات کو قاتل قرار

اسلام آباد ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں ٹک ٹاکر ثنا یوسف قتل کیس کی کارروائی کے دوران اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، پولیس کی جانب سے جمع کرائے گئے چالان میں ملزم عمر حیات کو ہی ثنا یوسف کا قاتل قرار دیا گیا ہے۔ تاہم عدالتی ذرائع کے مطابق کیس کا باقاعدہ ٹرائل موسم گرما کی تعطیلات ختم ہونے کے بعد شروع کیا جائے گا۔ چالان کی اسکروٹنی مکمل پراسیکیوشن حکام نے بتایا کہ مقدمے کے چالان کی اسکروٹنی ٹیم نے ایک ماہ سے زائد عرصے تک کیس کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا، جس کے بعد چالان عدالت میں جمع کرا دیا گیا۔ گواہان کی فہرست پراسیکیوشن نے مقدمے میں 31 گواہان کو شامل کیا ہے، جن میں مقتولہ ثنا یوسف کے اہلِ خانہ، ڈاکٹرز، پولیس اہلکار اور دیگر عینی شاہدین شامل ہیں۔ پس منظر یاد رہے کہ اسلام آباد میں 22 سالہ عمر حیات نے مبینہ طور پر دوستی سے انکار پر ثنا یوسف کو ان کے گھر میں گھس کر فائرنگ کے ذریعے قتل کردیا تھا۔ پولیس کے مطابق، شناخت پریڈ کے بعد ملزم کا جسمانی ریمانڈ لینے کی درخواست کی جائے گی تاکہ آلۂ قتل سمیت دیگر شواہد اکٹھے کیے جا سکیں۔ گرفتاری اور اعتراف جرم واقعے کے بعد اسلام آباد پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے صرف 20 گھنٹے کے اندر ملزم عمر حیات کو فیصل آباد سے گرفتار کیا تھا۔ پولیس کے مطابق ملزم نے دورانِ تفتیش ثنا یوسف کے قتل کا اعتراف بھی کیا۔