پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) نے یورپ میں پیرس کے لیے فضائی آپریشن محدود کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور اور پیرس کے درمیان فلائٹ آپریشن بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ پی آئی اے ذرائع نے بتایا کہ پیرس سے لاہور کے لیے آخری پرواز 12 ستمبر کو روانہ ہوگی، جبکہ لاہور سے پیرس کی آخری پرواز 17 ستمبر کو آپریٹ کی جائے گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اسلام آباد سے پیرس کے لیے دو طرفہ فلائٹ آپریشن جاری رہے گا۔ ترجمان پی آئی اے نے وضاحت کی کہ ستمبر اور اکتوبر میں جہازوں کی تزئین و آرائش کے باعث آپریشنل بیڑہ محدود کرنا پڑ رہا ہے۔
مزید بتایا گیا ہے کہ قومی ایئرلائن کے بیڑے میں شامل 12 بوئنگ 777 طیاروں میں سے 7 پہلے ہی گراؤنڈ ہیں، اور پی آئی اے یہ طیارے سعودی عرب، پیرس اور ٹورنٹو کے لیے استعمال کر رہی ہے۔ پیرس میں طیارہ گراؤنڈ ہونے سے پی آئی اے کو نقصان یاد رہے کہ رواں ماہ پیرس ایئرپورٹ پر پی آئی اے کا ایک بوئنگ 777 طیارہ فنی خرابی کے باعث گراؤنڈ کر دیا گیا تھا، جس سے قومی ایئرلائن کو ہزاروں ڈالر کا نقصان ہوا۔ ذرائع کے مطابق طیارے کے ایک انجن میں تکنیکی خرابی پیدا ہوئی تھی، جس کے بعد پروازوں کا شیڈول شدید متاثر ہوا۔ اس صورتحال کی وجہ سے نہ صرف پی آئی اے کو بھاری مالی نقصان اٹھانا پڑا بلکہ پاکستان جانے والے درجنوں مسافروں کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔