کراچی پولیس نے یومِ آزادی کی رات شہر کے مختلف علاقوں میں ہوائی فائرنگ کرنے والے 7 ملزمان کو اسلحہ سمیت گرفتار کر لیا ہے۔ ان ملزمان کو نیو کراچی کے مختلف سیکٹرز سے پکڑا گیا ہے اور ان کے خلاف مقدمات درج کر کے مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ ایس ایس پی فیضان علی کے مطابق، ضلع کیماڑی میں 7 ملزمان جبکہ پاپوش نگر میں ہوائی فائرنگ میں ملوث 2 ملزمان کو حراست میں لیا گیا ہے۔
ہوائی فائرنگ سے جانی نقصان
یاد رہے کہ 13 اور 14 اگست کی درمیانی شب، پاکستان کے یومِ آزادی کے موقع پر، کراچی میں ہوائی فائرنگ کے ایک افسوسناک واقعے میں ایک بچی سمیت 3 افراد جاں بحق ہو گئے تھے اور 57 سے زائد افراد زخمی ہوئے تھے۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق، زخمیوں میں بچے اور 4 خواتین بھی شامل ہیں جنہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔ زخمیوں میں سے کئی افراد کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔