کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں پولیس نے کار چوروں کے ایک بڑے گروہ کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے تین ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس کی آمد پر ملزمان نے فائرنگ بھی کی، جس کے نتیجے میں دو ملزمان زخمی ہو گئے۔ پولیس کے مطابق، یہ کارروائی اینٹی وہیکل لفٹنگ سیل (اے وی ایل سی) نے کی ہے۔ گرفتار ملزمان کی شناخت امان اللہ، ندیم، اور نادر علی کے نام سے ہوئی ہے۔ پولیس نے ان کے قبضے سے دو پستول، ایک چوری شدہ کار، گاڑیوں کا لاک توڑنے والا راڈ اور مختلف چابیاں برآمد کی ہیں۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزم امان اللہ 2011 سے جرائم کی دنیا میں سرگرم تھا اور یہ تمام ملزمان شہر کے ایک بڑے اور منظم کار چور گروہ کا حصہ ہیں۔ ان کا کام چوری کی گئی گاڑیوں کو بلوچستان میں ایک شخص حاجی کو فروخت کرنا تھا۔ اس کامیاب کارروائی کے بعد پولیس اب ان کے دو مفرور ساتھیوں عمران اور زکریا کی تلاش میں چھاپے مار رہی ہے۔ گرفتار ملزمان کے خلاف اقبال مارکیٹ تھانے میں مقدمات درج کیے جا رہے ہیں۔