پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان ٹی 20 سیریز کا دوسرا مقابلہ شیرِ بنگلہ نیشنل اسٹیڈیم ڈھاکا میں کھیلا جارہا ہے۔ پاکستان نے بنگلہ دیش کیخلاف ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پاکستان کی پلیئنگ الیون میں ایک تبدیلی کی گئی ہے، اسپنر ابرار احمد کی جگہ احمد دانیال کو قومی اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا، فاسٹ باؤلر احمد دانیال کا یہ انٹرنیشنل ٹی 20 ڈیبیو ہوگا۔ خیال رہے کہ بنگلہ دیش نے پہلے ٹی 20 میچ میں پاکستان کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں ایک، صفر کی برتری حاصل کر لی تھی۔ پاکستان ٹی20 ٹیم میں اوپنر بلے باز فخرزمان، صائم ایوب، محمد حارث اور کپتان سلمان آغا شامل ہیں، حسن نواز، محمد نواز ، خوشدل شاہ، فہیم اشرف، احمد دانیال، سلمان مرزا اور عباس آفریدی پلیئنگ الیون کا حصہ ہیں۔ بنگلادیش کی ٹیم میں کپتان لٹن داس، تنزید حسن، پرویز حسین اور توحید ہردوئی سمیت دیگر کھلاڑی پلینگ الیون کا حصہ ہیں۔ یاد رہے کہ بنگلا دیش کو سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔