صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے 20 جون کو پناہ گزینوں کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان دنیا میں پناہ گزینوں کی ایک بڑی آبادی کا میزبان ہے۔اے آر وائی نیوز کے مطابق صدر عارف علوی نے کہا کہ یہ دن لاکھوں افغان مہاجرین کی میزبانی کے حوالے سے پاکستان کے گزشتہ 40 سالہ نمایاں کردار کی یاد دلاتا ہے، محدود وسائل کے باوجود بےگھر افراد کو پناہ دینا بھائی چارے اور ہمدردی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔انھوں نے کہا کہ پاکستان نے چیلنجز اور کم وسائل کے باوجود کھلے دل سے پناہ گزینوں کی مدد کی، افغان مہاجرین کی میزبانی کا بوجھ بانٹنے کے لیے ابتدائی طور پر عالمی برادری کی جانب سے مالی مدد ملی، امداد میں کمی آنے کے باوجود مہاجرین کی فلاح و بہبود، رضاکارانہ واپسی کے لیے پاکستان کا عزم غیر متزلزل ہے۔صدر مملکت نے کہا کہ 40 سال گزرنے کے باوجود مہاجرین اور مقامی افراد کے مابین کوئی ناخوش گوار واقعہ نہیں ہوا، پاکستان نے اپنی جانب سے پناہ گزینوں کو ہر ممکن مدد فراہم کی، پاکستان نے پناہ گزینوں کے لیے باوقار زندگی کی تعمیرنو حوالے سے اقدامات کی۔انھوں نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے مہاجرین سمیت فلاحی اداروں کے ساتھ کام کرتا رہا ہے، پاکستانی سرحدوں کے اندر مقیم پناہ گزینوں کو امداد اور تحفظ فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہیں، پاکستان نے افغان مہاجرین کو علم و ہنر سے آراستہ کرنے کے لیے جامع تعلیمی پروگرام متعارف کرائے۔
پاکستان نے یقینی بنایا کہ پناہ گزین بچوں کو معیاری تعلیم تک رسائی حاصل ہو، رحمدلی، ہمدردی اور شمولیت کی اقدار ہماری پہچان ہیں، مدد فراہم کرنے پر عالمی تنظیموں اور تمام افراد کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہیں۔
