گھر سے بکرے چوری کرنے پر خاتون پولیس کیخلاف عدالت پہنچ گئیں

مومن آباد کی رہائشی خاتون نے سٹی کورٹ میں درخواست دائر کی جس میں انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ ایس ایچ او انور معراج و دیگر پولیس اہلکار وارنٹ کے بغیر گھر میں داخل ہوئے۔ درخواست گزار خاتون نے عدالت کو بتایا کہ انہوں نے اہل خانہ کو ڈرا دھمکا کر سونا، نقدی و دیگر سامان لوٹ لیا، ایس ایچ او نے قربانی کیلیے گھر میں موجود 10 بکرے بھی نہیں چھوڑے۔ سٹی کورٹ نے پولیس کے رویے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ریماکس دیے کہ پولیس کا رویہ افسوسناک ہے، پولیس کا رویہ قانون سے انحراف اور شہریوں کی عزت پامال کرتا ہے۔ عدالت نے ڈی آئی جی ویسٹ سے وضاحت طلب کرتے ہوئے استفسار کیا کہ بکرے کہاں گئے؟ سٹی کورٹ نے کہا کہ پولیس قانونی طور پر گھر میں داخل ہوئی یا نہیں اور کتنا نقصان ہوا؟ ڈی آئی جی وضاحت دیں۔ سٹی کورٹ نے کہا کہ ایس ایس پی رینک کے افسر سے انکوائری کروائی جائے، عیدالضحیٰ سے قبل انکوائری مکمل کر کے 6 جون کو رپورٹ جمع کروائی جائے۔