لاہور : خیبر پختو نخوا اور بلوچستان پولیس نے بشریٰ بی بی کیخلاف مقدمات کی تفصیلات سے متعلق رپورٹ عدالت میں جمع کرا دی۔ تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ میں عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کیخلاف مقدمات کی تفصیلات فراہم کرنے سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی،خیبر پختو نخوا اور بلوچستان پولیس نے رپورٹ عدالت میں جمع کرائی جس میں کہا گیا کہ بشریٰ بی بی کیخلاف دونوں صوبوں میں کوئی مقدمہ درج نہیں۔خیبر پختو نخوا اور بلوچستان پولیس کو بشریٰ بی بی کسی مقدمے میں مطلوب نہیں،نیب نے جواب جمع کروانے کیلئے مزید مہلت مانگ لی۔ لاہور ہائیکورٹ نے بشریٰ بی بی کیخلاف درج مقدمات کی تفصیلات فراہم کرنے کا حکم دیا تھا۔ یاد رہے کہ اس سے قبل بھی لاہور ہائیکورٹ میں عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کیخلاف مقدمات کی تفصیلات فراہمی کیلئے درخواست پر سماعت ہوئی تھی،عدالتی حکم پر آئی جی اسلا آباد نے اپنے دستخط کے ساتھ رپورٹ جمع کرا دی۔آئی جی اسلام آباد کی رپورٹ کے مطابق بشریٰ بی بی کیخلاف تھانہ کوہسار میں ایک مقدمہ درج ہے۔ ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل نے بتایا کہ سندھ اور پنجاب میں بشریٰ بی بی کیخلاف کوئی مقدمہ درج نہیں کیا گیا،بشریٰ بی بی کی درخواست میں اینٹی کرپشن فریق نہیں۔ لاہور ہائیکورٹ نے خیبر پختو نخوا اور بلوچستان پولیس کو مقدمات کی تفصیلات پیش کرنے کا حکم دیا۔جبکہ این سی اے 190 ملین پاؤنڈ اسکینڈل میں عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے نیب کے الزامات کو بے بنیاد قرار دیا تھا،بشریٰ بی بی نے نیب طلبی کے نوٹس کا جواب جمع کرایا۔ عمران خان کی اہلیہ نے جواب میں کہا کہ مجھے 190 ملین پاؤنڈ کیس سے متعلق کوئی معلومات نہیں۔ 458 کنال زمین،285 ملین روپے اور بلڈنگ القادر ٹرسٹ کو ڈونیشن ایگریمنٹ کے تحت دی گئی۔