پاکستان پر گولڈن ٹیمپل کو نشانہ بنانے کا بھارتی الزام بے بنیاد قرار

تفصیلات کے مطابق بھارتی فوج کے سینئر افسر کے ریمارکس سے متعلق میڈیا کے سوالات پر ترجمان دفترخارجہ نے ردعمل دیتے ہوئے دربار صاحب امرتسر پر حملے کا بھارتی الزام مسترد کر دیا۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان پرگولڈن ٹیمپل کونشانہ بنانے کا الزام بے بنیادہے، تمام مذاہب کے مقدس مقامات کااحترام کرتےہیں، گولڈن ٹیمپل جیسے مقدس مقام کو نشانہ بنانے کا تصوربھی نہیں کرسکتے۔ دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارت نے6 اور 7 مئی کی درمیانی شب پاکستان میں عبادت گاہوں کونشانہ بنایا، بھارت کاالزام عبادت گاہوں کونشانہ بنانے کے ناقابل قبول اقدام سے توجہ ہٹانے کی کوشش ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان سکھ مذہب کے مقدس مقامات کا فخر سے نگہبان ہے، ہر سال ہزاروں سکھ یاتری پاکستان آتے ہیں، پاکستان کرتار پور راہداری کے ذریعے ویزا فری رسائی فراہم کرتا ہے، گولڈن ٹیمپل سے متعلق بھارتی الزامات بے بنیاد اور غلط ہیں۔