“کورنگی میں کرین کی زد میں آ کر شخص جاں بحق، ڈرائیور گرفتار”

کراچی کے علاقے کورنگی میں ایک افسوسناک واقعے میں کرین کی زد میں آ کر ایک شخص جان کی بازی ہار گیا۔ ریسکیو حکام کے مطابق متوفی کی لاش ضابطے کی کارروائی کے بعد اسپتال منتقل کر دی گئی ہے۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ حادثے کا شکار ہونے والا شخص نشے کا عادی تھا، جب کہ جائے حادثہ کے قریب پل کی تعمیر کا کام جاری تھا۔ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے کرین کے ڈرائیور کو حراست میں لے کر تھانے منتقل کر دیا ہے۔ واضح رہے کہ کراچی میں رواں سال مختلف ٹریفک حادثات میں ہلاکتوں کی تعداد 300 سے تجاوز کر چکی ہے، جب کہ زخمیوں کی تعداد 4 ہزار سے زیادہ ہے۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق صرف رواں سال کے پہلے چار ماہ کے دوران ہیوی ٹریفک کے باعث ہونے والے حادثات میں 96 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ ریسکیو رپورٹ کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں زیادہ تر مرد شامل ہیں، جب کہ اب تک 27 خواتین، 32 بچے اور 8 بچیاں بھی جاں بحق ہو چکی ہیں۔ زخمیوں میں بھی خواتین اور بچے شامل ہیں۔کراچی میں بڑھتے ہوئے ٹریفک حادثات اور قیمتی جانوں کے ضیاع پر صوبائی حکومت اور ٹریفک پولیس کو شدید تنقید کا سامنا ہے۔ اس صورتحال پر گورنر سندھ نے چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ کو خط لکھ کر حادثات کی بنیادی وجوہات میں انتظامی غفلت اور قانون کی خلاف ورزی کو قرار دیا ہے۔