تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کلمت میں دہشت گردی کی مذمت کی ہے اور کہا کہ مسافروں کو بس سے اتار کر شناخت کی بنیاد پر قتل کرنا بزدلانہ کارروائی ہے، دہشتگردوں نے بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنا کر وحشیانہ فعل انجام دیا۔ وزیراعلیٰ سرفرازبگٹی کا کہنا تھا کہ شناخت کے بعد مسافروں کو قتل کرنا درندگی اور ناقابل معافی جرم ہے، دہشتگردی کیخلاف عزم کو ایسی کارروائیوں سے کمزور نہیں کیا جاسکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ جاں بحق افراد کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں، دہشت گردوں کے خلاف بھرپور جنگ جاری رہے گی، دہشت گردوں کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے مزید کہا کہ دہشت گردوں نے بلوچستان کی روایات، مہمان نوازی اور امن پسندی کو پامال کردیا، سیاسی مقاصد کیلئے دھرنوں کی کال دینے والے سفاکانہ حملے پر کیوں خاموش ہیں؟۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نے مزید کہا کہ بےگناہ مزدوروں کے قتل پر خاموشی رکھنے والے کس کی حمایت کررہے ہیں؟ خاموشی کو رضا مندی سمجھا جاتا ہے، یہ ثابت ہورہا ہے کہ کون کس کا سہولت کار ہے۔