توشہ خانہ ٹو کیس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی پر فرد جرم عائد

سپیشل کورٹ سینٹرل ون اسلام آباد نے بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان اور بشریٰ بی بی پر فرد جرم عائد کر دی۔ سپیشل عدالت کے جج شاہ رخ ارجمند نے اڈیالہ جیل میں توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت کی، اس موقع پر سابق وزیراعظم عمران خان کے علاوہ ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی بھی موجود تھیں۔ جج شاہ رخ ارجمند نے فرد جرم پڑھ کر سنائی جس کے بعد توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت 18 دسمبر تک ملتوی کر دی گئی۔ کیس کی ابتدائی تحقیقات نیب نے کی تھی، نیب ترامیم کی روشنی میں یہ کیس ایف آئی اے کو منتقل کر دیا تھا، ستمبر 2024 میں ایف آئی اے نے ضروری تحقیقاتی کارروائی کے بعد چالان عدالت میں جمع کروایا تھا۔ واضح رہے کہ کیس کی گزشتہ سماعت  5 دسمبر کو اڈیالہ جیل میں ہوئی ، سماعت کے دوران بشریٰ بی بی عدالت میں حاضر نہیں ہوئی تھیں جس پر عدالت نے ان کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے تھے۔ عدالت نے ملزمہ کے ضامن کو بھی نوٹس جاری کرتے ہوئے کیس کی سماعت ملتوی کردی تھی۔ اس سے قبل، عدالت نے توشہ خانہ 2 کیس میں بریت کی درخواستوں پر دلائل مکمل نہ ہونے کے سبب فرد جرم عائد کرنے کی کارروائی کئی بار موخر کرنے کی گئی۔ یاد رہے کہ توشہ خانہ ٹو کیس میں اکتوبر کے آخری ہفتے میں بشریٰ بی بی کو عدالت نے 10 لاکھ روپے کی ضمانت پر رہا کرنے کے احکام جاری کیے تھے، جس کے بعد ان کی رہائی کی روبکار جاری کی گئی تھی اور بشریٰ بی بی اڈیالہ جیل سے نکل کر پشاور چلی گئی تھیں۔