12

چیمپئنز ٹرافی: ٹیم نہ بھیجنے پر بھارتی شہریوں کی مودی سرکار پر تنقید

بھارت نے اپنی کرکٹ ٹیم کو چیمپئنز ٹرافی کے لیے پاکستان آنے کی اجازت دینے سے انکار کر دیا ہے۔ اس پر پوری دنیا کے کرکٹ شائقین کی جانب سے بھارت کی مذمت کی جا رہی ہے تاہم اب اس کے خلاف خود بھارتی شہری بھی آواز اٹھا رہے اور مودی سرکار پر تنقید کر رہے ہیں۔بابا گرونانک کا جنم دن منانے کے لیے واہگہ بارڈر کے راستے پاکستان آنے والے بھارتی شہریوں نے مودی سرکار کے اس فیصلے کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا ہے کہ سیاحت اور کھیل پر سیاست نہیں کرنی چاہیے اور دونوں ممالک کے درمیان کھیلوں کے مقابلے تواتر سے ہونے چاہئیں۔ایک شہری نے کہا کہ نریندر مودی کی حکومت کو کرکٹ ٹیم اور کبڈی ٹیموں کو پاکستان آنےکی اجازت دینی چاہیے۔ کھیلوں کے ذریعے امن،محبت اور بھائی چارے کو فروغ دیا جاسکتا ہے۔بھارتی خاتون ہرسمرت کور کا کہنا تھا کہ مودی حکومت کھیل پر سیاست کر رہی ہے جو کہ افسوسناک ہے۔گرنام سنگھ ڈھلوں کا کہنا تھا پاکستان بابا گرونانک کی دھرتی ہے، یہاں کسی کو کوئی خطرہ نہیں ، آج 3 ہزار سکھ انڈیا سے آئے ہیں، ہمیں تو یہاں بہت عزت و احترام ملا ہے۔ بھارتی کرکٹ ٹیم کوبھی پاکستان آنا چاہیے۔دریں اثنا پاکستان سکھ گرودوارہ پربندھک کمیٹی کے پردھان اور پنجاب کے وزیر برائے اقلیتی امور سردار رمیش سنگھ اروڑا نے کہا ہے کہ کھیلوں کے ذریعے امن کو فروغ دیا جا سکتا ہے، مگر بھارت کھیل کے میدان میں سیاست کر رہا ہے جو افسوسناک ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں