تفصیلات کے مطابق کراچی میں ایک اور شہری لٹیروں کا شکار ہوگیا، اورنگی ہزارہ چوک پر ڈاکوؤں کی فائرنگ سے فیکٹری ملازم جاں بحق ہوگیا۔ پولیس کے مطابق یہ واقعہ دوران ڈکیتی مزاحمت پر پیش آیا، اور مقتول کی شناخت 44 سالہ فیاض کے طور پر ہوئی ہے۔حکام نے بتایا کہ مقتول فیاض فجر کی نماز پڑھ کر گھر واپس آ رہا تھا کہ ملزمان نے لوٹ مار کی کوشش کی۔ مزاحمت کرنے پر ڈاکوؤں نے فائرنگ کی اور موقع سے فرار ہو گئے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ فیاض کو اورنگی ہزارہ چوک پر نشانہ بنایا گیا، جہاں موٹر سائیکل سوار دو ملزمان نے اس سے لوٹ مار کی کوشش کی۔ جب فیاض نے مزاحمت کی، تو ڈاکوؤں نے اس کی قیمتی جان لے لی لیکن سامان نہ چھینا۔پولیس کے مطابق مقتول کو سینے پر گولی لگنے سے جان گئیں۔ فیاض ایک فیکٹری میں کام کرتا تھا اور تین بچوں کا والد تھا۔پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی معلومات کے مطابق فیاض کا قتل ڈکیتی مزاحمت کی وجہ سے ہوا، تاہم تحقیقات کے دوران دیگر پہلوؤں کو بھی مدنظر رکھا جائے گا۔ کراچی میں رواں سال ڈکیتی مزاحمت کے دوران جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 105 ہو چکی ہے۔