وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز گلے کا علاج کرانے کے لیے جنیوا پہنچ گئیں، جہاں وہ اپنے والد کے ہمراہ چند دن قیام کریں گی۔

تفصیلات کے مطابق، پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز علاج اور آرام کے لیے جنیوا پہنچ گئے ہیں۔ نواز شریف لندن سے جب کہ مریم نواز لاہور سے خصوصی سرکاری طیارے کے ذریعے جنیوا روانہ ہوئیں، اور ان کے ساتھ سینئر وزیر مریم اورنگزیب اور ذاتی عملہ بھی موجود تھا۔مریم نواز کا یہ دورہ خاص طور پر گلے کے انفیکشن کے علاج کے لیے ہے، جس دوران وہ اپنے والد نواز شریف کے ہمراہ جنیوا میں چند دن قیام کریں گی۔ دونوں شخصیات جنیوا کے معروف دی رٹز کارلٹن ہوٹل دے لا پیس میں قیام پذیر ہیں، جہاں ان کی سیکیورٹی اور پرائیویسی کا خاص خیال رکھا گیا ہے۔جنیوا پہنچنے کے بعد نواز شریف نے اپنی بیٹی کے علاج میں مکمل دلچسپی لی، جس میں مریم نواز کا طبی معائنہ اور ممکنہ سرجری شامل ہے۔ علاج مریم نواز کے معالجین کی براہ راست نگرانی میں کیا جائے گا۔دورے کے دوران، مریم نواز انتظامی امور سے جڑی رہیں اور پنجاب کے معاملات کی نگرانی کرتی رہیں۔ سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے بتایا کہ مریم نواز دور دراز سے بھی صوبے کے امور پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔اس دوران، لوزرن کے قریب قطری شہزادے کے سیون سٹار برگن اسٹاک ریزورٹ میں قطری شاہی خاندان نے پاکستانی وفد کے اعزاز میں ایک خصوصی ڈنر بھی دیا، جس میں اہم شخصیات نے شرکت کی اور پاکستان-قطر تعلقات کو مزید مستحکم کرنے پر بات چیت کی۔اس دورے کے اختتام پر نواز شریف اور مریم نواز 12 نومبر تک لندن واپس جانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔