بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) و سابق وزیراعظم عمران خان کی بہنوں علیمہ خان اور عظمیٰ خان کو ڈسٹرکٹ جیل جہلم سے رہا کردیا گیا۔ آج اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت نے ڈی چوک پر احتجاج کے کیس میں ان کی ضمانت کی درخواستیں منظور کی تھیں۔ انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے کیس کی سماعت کی۔ جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے علیمہ خان اور عظمیٰ خان کی ضمانت 20، 20 ہزار روپے مچلکوں پر منظور کیں، دونوں روبکاریں 9 گھنٹے گزرنے کےبعد جہلم جیل پہنچیں جس کے بعد انہیں رہا کردیا گیا۔ ان کی رہائی کے موقع پر ضلعی جیل کے باہر علیمہ خان کا بیٹا شہروز اور بہن نورین نیازی کے علاوہ پی ٹی آئی کے کارکنان کی بڑی تعداد موجود تھی جنہوں نے ان کا استقبال کیا، پولیس کی بھاری نفری جیل کے باہر سیکیورٹی کے لیے موجود تھی۔ یاد رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد کی خصوصی عدالت کے جج نے توشہ خانہ ٹو کیس میں سابق خاتون اول و بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی رہائی کی روبکار جاری کردی تھی، جس کے بعد وہ اڈیالہ جیل سے رہا ہوکر پشاور پہنچ گئی تھیں۔