تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے ڈیفنس فیز فائیو میں ایف آئی اے سائبر کرائم سرکل نے کامیاب کرروائی کرتے ہوئے لوگوں کی جمع پونجی لوٹنے والے6ملزمان کو حراست میں لے لیا۔اس حوالے سے ایف آئی ے حکام کا کہنا ہے کہ غیر قانونی کال سینٹر کے ملزمان کا نیٹ ورک غیر ملکی شہریوں کے کارڈز سے پیسے نکالتا تھا۔حکام کے مطابق ملزمان کال سینٹر میں جدید ترین ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے تھے، واردات کے دوران وہ خود کو سیکیورٹی ادارے کا اہلکار ظاہر کرتے تھے۔مذکورہ ملزمان دھوکہ اور جعل سازی سے صارفین کے کریڈٹ اور ڈیبٹ کارڈز کی تفصیلات حاصل کرکے اس کا غلط استعمال کرتے تھے۔ایف آئی اے کے مطابق ملزمان اس رقم کو کرپٹو کرنسی اکاؤنٹ میں ٹرانسفر کرتے تھے، کال سینٹر سے گرفتار ہونے والے ملزمان میں عبدالرحمان، وقار،آرنلڈ السٹر، موس ایڈوین، قاسم اور غنی خان شامل ہیں جبکہ5 ملزمان جائے وقوعہ سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔واضح رہے کہ ملک کے مختلف شہروں میں آن لائن فنانشل فراڈ کے واقعات میں اضافہ ہورہا ہے، دھوکہ باز عناصر مختلف حیلوں بہانوں سے شہریوں کی جمع پونجی ہتھیالیتے ہیں اور شہری بعد میں در در کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہو جاتے ہیں۔ ان غیر قانونی کال سینٹرز کے ذریعے پاکستانی اور بیرون ملک شہریوں کو لوٹا جا رہا ہے۔کبھی بینک کا نمائندہ بن کر، کریڈٹ کارڈ کی تنسیخ ،فوج کی جانب سے مردم شماری کا کہہ کر، قریبی عزیزوں کے اغواء یا ایکسیڈنٹ کا بتا کر، قرعہ اندازی میں نام نکلنے کے نام پر،پلاٹ نکلنے پر،بے نظیر انکم سپورٹ، احساس پروگرام اور نجی ٹی وی چینلز کے گیم شو کا نمائندہ بن کر تو کبھی انعامی لاٹری اسکیم کا لالچ دے کرجعل سازی کر کے کروڑوں روپے شہریوں کی جیبوں سے نکالے جا رہے ہیں۔
21