ورلڈ مائیگریٹری برڈ ڈے منانے کا مقصد نقل مکانی کرنے والے پرندوں کو درپیش خطرات، ماحولیاتی اہمیت اور ان کے تحفظ کے لیے بین الاقوامی طور پر شعور پیدا کرنا ہے. ڈبلیو ڈبلیو ایف کے نثار احمد نے کہا کہ یہ سمجھنا کہ پرندے صرف سردیوں ہی میں نقل مکانی کرتے ہیں، غلط ہے۔انھوں نے کہا دنیا کے مختلف خطوں سے پرندے پورا سال ہی نقل مکانی کرتے ہیں، یہ پرندے سخت موسم سے محفوظ رہنے، خوراک کی تلاش اور جوڑے بنانے کی خاطر محو سفر رہتے ہیں۔اسکول کے بچوں کی آگاہی واک کا بھی اہتمام کیا گیا، نثار احمد نے کہا ہر سال دنیا کے مختلف علاقوں سے مہمان پرندے اس ’بورتھ جھیل‘ پر آتے ہیں، گلگت بلتستان حیاتیاتی تنوع کے لحاظ سے پاکستان کے دیگر خطوں کی نسبت انتہائی امیر سمجھا جاتا ہے، یہاں ماحولیاتی لحاظ سے منفرد خطے واقع ہیں جن میں صحرا، پہاڑ، سمندر، دریا، میدان، جھیلیں، ندیاں شامل ہیں۔ڈبلیو ڈبلیو ایف کے مطابق ان آب گاہوں میں سے کچھ آب گاہوں کا سروے کیا گیا ہے، ماہرین کا کہنا ہے کہ گلگت بلتستان کی تمام آب گاہوں پر اس سال آنے والے مہمان پرندوں کی تعداد لاکھ سے زیادہ رہی۔واضح رہے کہ ہجرتی پرندوں کا عالمی دن (ورلڈ مائیگریٹری برڈ ڈے) ہر سال ساری دنیا میں دو بار 14 مئی اور 8 اکتوبر کو منایا جاتا ہے۔ سخت گرمیوں سے قبل یعنی مئی میں پرندے گرم علاقوں سے سرد علاقوں کی طرف ہجرت کرتے ہیں، پھراکتوبر میں سرد علاقوں سے معتدل موسموں کے علاقوں کی طرف ہجرت کرتے ہیں۔
24