17

موبائل فون اورانٹرنیٹ سروس بند کردی گئی

تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے آج اسلام آباد کے ڈی چوک میں احتجاج کے پیش نظر اسلام آباد اور راولپنڈی میں موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس بند کردی گئی۔ موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس کی بندش سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ جڑواں شہروں میں سیکیورٹی ہائی الرٹ ہے دفعہ 144 نافذ ہے ساتھ ہی راولپنڈی میں میٹرو بس سروس بھی تاحکم ثانی معطل کردی گئی ہے جبکہ شہر بھر میں موٹر سائیکل ڈبل سواری پر پابندی عائد ہے۔ سی پی او نے بتایا کہ امن میں خلل ڈالنے والوں کیساتھ نمٹنے کے لیے پولیس کے دستے تعینات ہے ، سرکاری ونجی املاک کو نقصان پہنچانے والوں سے کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ سی سی ٹی وی کیمروں سے شرپسندوں کی شناخت کی جائے گی اور امن میں خلل ڈالنے والوں کے ساتھ سختی سے نمٹیں گے۔ خیال رہے پاکستان تحریک انصاف کے بانی کی ہدایت پر آج ڈی چوک پر احتجاج کیا جائے گا، مظاہرین کو روکنے کے لیے جڑواں شہروں کی انتظامیہ متحرک ہے جبکہ سیکیورٹی کے لیے سخت انتظامات بھی کیے گئے ہیں۔خیال رہے وزارت داخلہ کی جانب سے تحریک انصاف کو احتجاج کی اجازت نہیں دی گئی اور خبردار کیا گیا تھا کہ کوئی ہیڈ آف اسٹیٹ پاکستان میں ہو تو احتجاج نہیں ہونا چاہیے، سیکیورٹی کے انتظامات پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، جو ہاتھ چڑھے گا نرمی کی توقع نہ رکھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں