وفاقی حکومت کی جانب سے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) پر پابندی کا معاملہ مؤخر کر دیا گیا۔ وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں اہم معاملات پر غور کیا گیا ذرائع کے مطابق کابینہ نے دوست ممالک کے کاروباری افراد اور شہریوں کو ویزا فری انٹری کی منظوری دے دی، وزارت داخلہ کی سمری پر 126 ممالک کے باشندوں کو ویزا فری انٹری کی منظوری دی گئی ہے، ان ممالک کے لیے ڈیجیٹل ویزا دینے کی منظوری دی گئی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہےکہ کابینہ میں پی ٹی آئی پر پابندی کا معاملہ بھی زیر غور آنا تھا تاہم اجلاس میں اس معاملے پر کوئی غور نہیں کیا گیا جبکہ کابینہ اجلاس میں سابق صدر عارف علوی، عمران خان اور قاسم سوری پر آرٹیکل 6 لگانے کا معاملہ بھی زیر غور نہیں آیا اجلاس میں پاکستان اور ڈنمارک کے درمیان ایم او یو اور متروکہ وقف املاک بورڈ کے چیرمین کی تقرری کی منظوری دی گئی اور نجکاری کمیشن کے ارکان کی تعداد میں اضافے کی سمری بھی پیش کی گئی یاد رہے کہ گزشتہ دنوں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ وفاقی حکومت نے پاکستان تحریک انصاف پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ واضح رہےکہ وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا تھا کہ حکومت نے تحریک انصاف پر پابندی لگانے کا فیصلہ کیا ہے اور اس حوالے سے پیپلزپارٹی سے مشاورت کرلی گئی ہے، پی ٹی آئی پر پابندی کی منظوری کابینہ دے گی۔