سابق وزیر اعظم و بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے توشہ خانہ ریفرنس میں سزا کے خلاف اپیل دائر کر دی۔ بشریٰ بی بی نے بیرسٹر سلمان صفدر کے ذریعے اسلام آباد ہائی کورٹ میں اپیل دائر کی ہے، اپیل میں احتساب عدالت کا 31 جنوری کا آرڈر کالعدم قرار دینے کی استدعا کی گئی ہے انہوں نے احتساب عدالت کا 31 جنوری کا آرڈر کالعدم قرار دینے کی استدعا کرتے ہوئے کہا کہ نیب نے تعصب پر مبنی تفتیش کی اور سیاسی مخالفین کی ہدایت پر بدنیتی پر مبنی جھوٹا اور جعلی ریفرنس دائر کیا ، فرد جرم بھی درست انداز میں قانونی تقاضوں کے مطابق نہیں عائد کی گئی بشریٰ بی بی کی جانب سے دائر اپیل میں ریاست اور نیب کو فریق بنایا گیا ہے۔ واضح رہے کہ احتساب عدالت نے بشریٰ بی بی کو توشہ خانہ کیس میں 14 سال قید بامشقت اور 787 ملین روپے جرمانے کی سزا سنائی تھی۔ علاوہ ازیں بشریٰ بی بی نے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں عدت میں نکاح کیس کا فیصلہ بھی چیلنج کردیا انہوں نے سزا کیخلاف اسلام آباد کی سیشن کورٹ سے رجوع کرتے ہوئے استدعا کی کہ نکاح کیس کا فیصلہ غیر قانونی، غیر اسلامی، غیر شرعی اور انصاف کے برخلاف ہے، ٹرائل کورٹ کا تین فروری کو سنایا گیا سزا کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے۔