روہڑی ریلوے اسٹیشن کی اپ گریڈیشن، طویل ٹرینیں اب مکمل پلیٹ فارم پر رک سکیں گی

روہڑی:پاکستان ریلویز کے انفراسٹرکچر کو جدید کرنے اور مسافروں کو بین الاقوامی معیار کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے روہڑی ریلوے اسٹیشن پر ترقیاتی کام تیزی سے جاری ہیں۔ اس منصوبے کے تحت پلیٹ فارم کی سطح کو اس طرح بہتر بنایا جا رہا ہے کہ بیس سے زائد بوگیوں پر مشتمل طویل ترین مسافر ٹرینیں بھی اب باآسانی پلیٹ فارم کی حدود میں رک سکیں گی، جس سے مسافروں کا سوار ہونا اور اترنا انتہائی محفوظ ہو جائے گا ڈی ایس ریلوے نے منصوبے کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ مسافروں کی آمد و رفت کے تمام راستوں اور دیگر متعلقہ حصوں کو جدید تقاضوں کے مطابق ازسرنو تعمیر کیا جا رہا ہے۔
منصوبے کے دوسرے اہم مرحلے میں معذور، بیمار اور بزرگ مسافروں کی سہولت پر خصوصی توجہ دی گئی ہے۔ داخلی راستے سے لے کر پلیٹ فارم تک رسائی کو ناقابلِ یقین حد تک آسان بنانے کے لیے الیکٹرک ایسکلیٹرز اور دیگر جدید ترین سہولیات کے لیے کام کیا جا رہی ہے ، جبکہ پرانی اور بوسیدہ سیڑھیوں کو ہٹا کر جدید، چوڑی اور محفوظ سیڑھیاں بنائی جا رہی ہیں۔ اس کے علاوہ، اسٹیشن پر ایک جدید اور مربوط نکاسی آب (ڈرینج سسٹم) کا نظام بھی اس منصوبے کا حصہ بنایا گیا ہے، جس کی بدولت پلیٹ فارمز، ریلوے ٹریکس اور دیگر حصوں سے گندے پانی کی مؤثر اور فوری نکاسی ممکن ہوگی۔ بارش کے دوران جمع ہونے والے پانی کو بھی بروقت خارج کرنے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر انتظامات کیے گئے ہیں۔
ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ ریلوے نے روہڑی اسٹیشن کے رننگ روم اور دیگر انتظامی و آپریشنل حصوں کی بہتری کے حوالے سے بھی شرکا کو بریفنگ دی۔ انہوں نے واضح کیا کہ اس تمام ترقیاتی کاوش کا بنیادی مقصد روہڑی ریلوے اسٹیشن کے بوسیدہ انفراسٹرکچر کو جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا اور مسافروں کو ایک محفوظ، آرام دہ اور پرتعیش سفری ماحول فراہم کرنا ہے۔ اس موقع پر ریلوے اور ضلعی انتظامیہ کے اعلیٰ افسران کے علاوہ صوبائی وزیر بلدیات سندھ کے فوکل پرسن عرفان علی داؤد پوتو اور سید عمران شاہ سمیت اہم شخصیات بھی موجود تھیں جنہوں نے تعمیراتی کاموں کا تفصیلی معائنہ کیا اور اطمینان کا اظہار کیا۔