لاہور (ویب ڈیسک)لاہور میں سیف سٹی اتھارٹی نے جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے شیخوپورہ سے تعلق رکھنے والے گمشدہ بچے کو تین ماہ بعد اس کے والدین سے ملا دیا۔
حکام کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایات پر قائم سیف سٹی کے ورچوئل سینٹر فار چائلڈ سیفٹی نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے خصوصی بچے مزمل کو تلاش کر لیا، جو 27 دسمبر 2025 کو گھر سے نکلنے کے بعد لاپتہ ہو گیا تھا۔
بچے کے لاپتہ ہونے کا کیس فوری طور پر سیف سٹی سینٹر میں رجسٹر کیا گیا، جہاں اس کی معلومات جدید سسٹمز میں شامل کر دی گئیں۔ ٹیم نے مسلسل تین ماہ تک بچے کی تلاش جاری رکھی۔
9 اپریل 2026 کو اکبری گیٹ کے قریب نصب فیشل ریکگنیشن کیمروں نے الرٹ جاری کیا، جس کے بعد بچے کی شناخت ممکن ہوئی۔ لائیو ٹریکنگ اور قریبی پولیس کی بروقت کارروائی کے نتیجے میں بچے کو لارنس روڈ سے بحفاظت تحویل میں لے لیا گیا۔
بعد ازاں بچے کو اس کے والدین کے حوالے کر دیا گیا، جس پر اہل خانہ نے حکام کا شکریہ ادا کیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ سیف سٹی کے جدید کیمرے نہ صرف جرائم کی روک تھام میں مددگار ثابت ہو رہے ہیں بلکہ لاپتہ افراد کو تلاش کرنے میں بھی اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔